بیروت (ویب ڈیسک): لبنانی حکام نے ٹک ٹاک پر اپنے فوڈ بلاگز کے باعث شہرت پانے والے مشہور انفلونسر جارجس دیب (Georges Dib)، جنہیں سوشل میڈیا پر “ڈاکٹر فوڈ” (Doctor Food) کے نام سے جانا جاتا ہے، کو منشیات کی سمگلنگ کے جرم میں گرفتار کر لیا ہے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق جارجس دیب کو، جنہیں غائبانہ طور پر منشیات کی سمگلنگ پر پہلے ہی عمر قید کی سزا سنائی جا چکی تھی، گورنریٹ عکار (Akkar) میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔
دو سال قبل لبنانی حکام نے بیروت ایئرپورٹ پر جارجس دیب کی فیکٹری میں تیار کردہ مٹھائیاں اور دیگر خوراک کی برآمدی کھیپ سے منشیات برآمد کی تھیں، جو خلیجی ممالک بھیجی جا رہی تھیں۔
عدالت کی جانب سے گرفتاری کے وارنٹ اور سزا کے باوجود جارجس دیب سوشل میڈیا پر متحرک رہے اور ٹک ٹاک پر اپنے 8 ملین سے زائد فالوورز کو ویڈیوز کے ذریعے بے گناہی کا یقین دلاتے رہے۔
گرفتاری کے بعد انہیں ماؤنٹ لبنان کے ڈیٹینشن سینٹر منتقل کیا جا رہا ہے جہاں ان پر منشیات سمگلنگ کے نئے مقدمات کا ٹرائل چلایا جائے گا۔
ڈاکٹر فوڈ اپنی سابقہ اہلیہ “شروق” (فلسطینی نژاد کینیڈین ٹک ٹاکر، 15 ملین فالوورز) کے ساتھ ویڈیوز کی وجہ سے مشہوری کی بلندیوں پر پہنچے تھے۔ علیحدگی کے بعد حال ہی میں ان کی سابقہ اہلیہ نے لبنان کے ایک ریزارٹ میں ہزاروں شائقین کی موجودگی میں “طلاق کی پارٹی” منائی تھی۔





