نیویارک: قائدِ اعظم فاؤنڈیشن یو ایس اے (ہوسٹن) کے 5 رکنی وفد نے ڈاکٹر آصف قدیر اور طاہر رضا بھٹی کی قیادت میں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد سے پاکستان مشن نیویارک میں ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے 150 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اقوامِ متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ان کے شایانِ شان اور تاریخی وژن کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قائد کے وژن کی ترویج: وفد نے سفیر عاصم افتخار کو بابائے قوم کی نظریاتی میراث، تعلیمات اور فکر کو امریکہ میں عام کرنے کے لیے فاؤنڈیشن کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

وفد نے ہوسٹن میں قائم کردہ “جناح لائبریری” کے بارے میں بتایا، جہاں قائدِ اعظم، تحریکِ پاکستان اور تاریخِ پاکستان پر کتابوں کا ایک نایاب اور وسیع ذخیرہ موجود ہے۔
پاکستانی تارکینِ وطن کے لیے اہمیت: سفیر عاصم افتخار احمد نے فاؤنڈیشن کی خدمات بالخصوص پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں کو قائدِ اعظم کے افکار اور سیاسی فلسفے سے جوڑنے کی کوششوں کو سراہا۔

ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر آصف قدیر نے پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد کو روایتی شال اور کتب بطور یادگار پیش کیں۔





