نیو جرسی (ویب ڈیسک): امریکی ریاست نیو جرسی کے مشہور مناسکوآن (Manasquan) بیچ کے ساحل پر 60 سے زائد سرنجیں بہہ کر آ جانے کے بعد حکام نے سمندر میں تیراکی پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق اس واقعے کے بعد پانی کی کیفیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگلے حکم تک سمندر میں اترنے اور سوئمنگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم ساحلی زمین (بیچ گراؤنڈ) عوام کے لیے کھلی رہے گی۔
ہنگامی خدمات کے حکام نے بتایا ہے کہ دو ہائی ٹائڈ (جوار بھاٹا) کے سائیکل مکمل ہونے کے بعد پانی کی حفاظت اور صفائی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اتنی بڑی تعداد میں سرنجیں اور میڈیکل ویسٹ سمندر میں کیسے پہنچی یا ان کا ذریعہ کیا تھا۔
انتظامیہ نے ساحل پر آنے والے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سمندری پانی میں اترنے سے گریز کریں اور ساحل پر کسی بھی مشکوک اشیاء کو چھونے کے بجائے فوری حکام کو اطلاع دیں۔





