نیویارک: نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرلعامر اتوزوئی نے ‘ویمن ٹو ویمن’ (Women to Women) آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک پروقار ‘ویمن ایمپاورمنٹ گالا’ میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے اور سماجی ترقی کے لیے تنظیم کی غیر معمولی خدمات کو سراہا۔

قونصل جنرل عامراتوزئی نے اپنے خطاب میں تنظیم کے مختلف اقدامات، بالخصوص رہنمائی (Mentorship)، تعلیم اور سپورٹ سروسز کی تعریف کی، جو خواتین کو قائدانہ کردار ادا کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کے قابل بناتی ہیں۔

قونصل جنرل نے تنظیم کے ‘Shehzori Project’ کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے اسے ایک طاقتور اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خواتین میں خود اعتمادی، آزادی اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ شہزوری پروجیکٹ کی بھرپور حمایت کریں تاکہ مزید زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔

قونصل جنرل نے اندرونِ ملک اور سمندر پار مقیم پاکستانی خواتین کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسی کوششیں پاکستان کے جامع ترقی (Inclusive Development) کے وژن کے عین مطابق ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو بااختیار بنا کر ہی معاشرے کو مضبوط اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔






