نیویارک: میئر زوہران ممدانی نے اپنی انتظامیہ کے پہلے 100 دن مکمل ہونے پر کام کے دستانے پہن کر عملی میدان میں قدم رکھ دیا۔ شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے منعقدہ انوکھے مقابلے “میونسپل میڈنیس” (Municipal Madness) میں ‘ساؤنڈ ویو’ (Soundview) میں غیر قانونی کچرا صاف کرنے کے منصوبے نے میدان مار لیا، جس کے بعد میئر نے خود صفائی کی مہم میں حصہ لیا۔
اس مقابلے میں نیویارک کے شہریوں نے 16 مختلف مسائل کے حل کے لیے 21,000 سے زائد ووٹ ڈالے۔ ساؤنڈ ویو میں کچرے کی صفائی کے منصوبے کو 18,761 ووٹ ملے اور یہ 67.7% ووٹوں کے ساتھ فاتح قرار پایا۔ رنر اپ منصوبہ مورسانیہ (Morrisania) میں باسکٹ بال کورٹ کی مرمت کا تھا، جس پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
ساؤنڈ ویو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر ممدانی نے کہا، “ایک نیویارکر ہونے کا مطلب یہی ہے کہ اپنے پڑوسیوں کی بات سنیں اور کام کے لیے آستینیں چڑھا لیں۔ ہماری انتظامیہ کے لیے کوئی بھی مسئلہ چھوٹا نہیں ہے، چاہے وہ واٹر فاؤنٹین کی مرمت ہو یا سڑکوں پر کراس واک پینٹ کرنا۔”
محکمہ صفائی (DSNY) کے کمشنر گریگوری اینڈرسن نے واضح کیا کہ انتظامیہ غیر قانونی کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کچرا پھینکنے والوں کی ویڈیوز یا لائسنس پلیٹ کی تصاویر فراہم کریں، جس پر انہیں انعام بھی دیا جا سکتا ہے۔
دیگر حل شدہ مسائل
مقابلے کے دوران مختلف مسائل کو بھی حل کیا گیا جن میں
ہائی برج میں پبلک پول کی پینٹنگ۔
فار راک وے میں ریکریشن سینٹر کی مرمت۔
مورننگ سائیڈ ہائٹس میں ٹینس کورٹ کی بحالی۔
جمیکا اور پرنس بے میں سڑکوں کے نشانات اور سائن بورڈز کی تبدیلی شامل ہیں۔
