ڈھاکہ(ویب ڈیسک): بنگلہ دیش میں ہونے والے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (BNP) نے کلین سویپ کرتے ہوئے دو دہائیوں بعد دوبارہ اقتدار حاصل کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، بی این پی اور اس کے اتحادیوں نے 299 میں سے 212 نشستیں حاصل کی ہیں، جس کے بعد پارٹی رہنما طارق رحمان کا وزیراعظم بننا یقینی ہو گیا ہے۔
نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی زیرِ نگرانی قائم عبوری حکومت کے بعد یہ ملک کے پہلے مکمل مسابقتی انتخابات تھے۔ جماعتِ اسلامی نے 77 نشستیں حاصل کیں، جبکہ عوامی لیگ کو ان انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں تھی۔
طارق رحمان نے اپنی فتح کے بعد کارکنوں کو بڑی تقریبات سے گریز کرنے اور شکرانے کی دعائیں مانگنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج گارمنٹس کی صنعت کی بحالی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا اور سیاسی استحکام لانا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی سفیر نے طارق رحمان کو اس بڑی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
