اوٹاوا(ویب ڈیسک): کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں فائرنگ کے ایک لرزہ خیز واقعے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا، جہاں ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے 10 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے بعد حملہ آور نے مبینہ طور پر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ خونریز واقعہ ایک مقامی سیکنڈری سکول اور ایک رہائشی مکان میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق 6 افراد سکول کی عمارت کے اندر مردہ پائے گئے۔
1 زخمی ہسپتال منتقل کیے جانے کے دوران راستے میں دم توڑ گیا۔
2 افراد کی لاشیں قریبی رہائش گاہ سے برآمد ہوئیں۔
حملہ آور کی لاش بھی سکول کے اندر سے ملی، جس نے پولیس کے مطابق خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔
اس افسوسناک واقعے میں مجموعی طور پر 27 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے دو کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال حملے کے محرکات واضح نہیں ہو سکے ہیں اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ یہ واقعہ ایک ایسے چھوٹے قصبے میں پیش آیا جہاں کی آبادی محض چند ہزار ہے، جس کی وجہ سے مقامی برادری شدید صدمے اور خوف کا شکار ہے۔ حکام نے اس سانحے کو قصبے کے لیے “تباہ کن” قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
