سانتا کلارا: عالمی شہرت یافتہ پورٹو ریکو کے گلوکار بیڈ بنی (Bad Bunny) نے انکشاف کیا ہے کہ سپر باؤل 60 کے ہاف ٹائم شو میں ان کا لباس محض فیشن نہیں بلکہ ان کے مرحوم چچا کو ایک جذباتی خراجِ عقیدت تھا۔
لیوی اسٹیڈیم میں پرفارمنس کے دوران بیڈ بنی نے سفید رنگ کی فٹ بال جرسی پہنی تھی جس پر ان کا خاندانی نام “Ocasio” اور نمبر “64” درج تھا۔ مداحوں کی تجسس کو ختم کرتے ہوئے گلوکار نے ‘رولنگ اسٹون’ کو بتایا کہ یہ نمبر ان کے چچا کا سالِ پیدائش (1964) ہے، جن کا حال ہی میں اچانک انتقال ہو گیا تھا۔
گلوکار نے جذباتی انداز میں کہا:”میرا ہمیشہ سے خواب تھا کہ میں اپنے چچا کو سپر باؤل دکھانے لے جاؤں، لیکن وہ اچانک ہمیں چھوڑ گئے۔ اس لیے میں نے فیصلہ کیا کہ وہ میری شرٹ کے ذریعے اس بڑے اسٹیج پر میرے ساتھ موجود رہیں۔”
جہاں اس شو کو جذباتی اور ثقافتی لحاظ سے سراہا گیا، وہیں اس میں موجود سیاسی پیغام “Together, we are America” (متحد ہو کر ہی ہم امریکہ ہیں) نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس شو کو ملک کی روایات کے خلاف قرار دیتے ہوئے اسے تاریخ کا بدترین شو قرار دیا ہے۔
