نیویارک: امریکہ کی ریاستوں نیویارک اور نیو جرسی میں اس ویک اینڈ پر شدید ترین سردی (Extreme Cold Warning) اور برف باری کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کہیں نیچے گر سکتا ہے جو کہ انسانی جان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
نیشنل ویدر سروس کے مطابق ہفتے کی صبح 10 بجے سے اتوار کی دوپہر 1 بجے تک نافذ رہے گی۔
ہفتے کے روز درجہ حرارت 12 ڈگری فارن ہائیٹ تک گرنے کا امکان ہے، جبکہ تیز ہواؤں کے باعث سردی کی شدت منفی 10 سے صفر کے درمیان محسوس ہوگی۔
ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات سب سے زیادہ خطرناک ہوگی، جہاں ہوا کے جھونکوں کے ساتھ سردی کی لہر منفی 20 سے منفی 25 تک جا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برف باری کا آغاز ہفتے کی علی الصبح 1 بجے سے 4 بجے کے درمیان ہوگا جو ہفتے کی دوپہر 1 بجے تک جاری رہے گی۔
نیویارک سٹی: ایک انچ تک برف باری متوقع ہے۔
لانگ آئی لینڈ: یہاں 3 انچ تک برف جمع ہو سکتی ہے۔
نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سردی کی لہر کو “سنجیدگی” سے لیں۔ ان کا کہنا تھا:
“یہ درجہ حرارت انتہائی خطرناک ہے، اور باہر گزارا گیا تھوڑا سا وقت بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ براہ کرم گھروں کے اندر رہیں، ایک دوسرے کا خیال رکھیں اور کسی کی مدد کی ضرورت پڑنے پر 311 پر کال کریں۔”
بے گھر افراد کے لیے 24 گھنٹے گرم مراکز (Warming Centers) فعال کر دیے گئے ہیں۔محکمہ صفائی نے 700 سالٹ سپریڈرز (نمک چھڑکنے والی گاڑیاں) تیار کر لی ہیں جو 12 گھنٹے کی شفٹوں میں سڑکوں کو صاف رکھیں گی۔
ہفتے کی صبح 9 بجے سے آدھی رات تک ہواؤں کے حوالے سے ایڈوائزری بھی جاری رہے گی، جس میں 48 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے جھونکے چل سکتے ہیں۔
شہریوں کے لیے اہم ہدایات
غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
جسم کو مکمل ڈھانپ کر رکھیں تاکہ ‘فراسٹ بائٹ’ سے بچا جا سکے۔
اگر گھر میں ہیٹنگ کا نظام کام نہ کر رہا ہو تو فوری حکام کو مطلع کریں۔
