وزیراعظم محمد شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم کی زیورخ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جنیوا میں اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے محمد بلال، سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر مرغوب سلیم اور سفارتی عملے کے دیگر ارکان نے استقبال کیا۔
ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم فورم کے 56ویں اجلاس کے مختلف سیشنز میں شرکت کریں گے، جبکہ اجلاس کے دوران ان کی متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان کی میزبانی اور ورلڈ اکنامک فورم کی شراکت سے منعقد ہونے والے بزنس راؤنڈ ٹیبل میں بھی شرکت کریں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے جاری اصلاحات اور بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں پر روشنی ڈالیں گے۔ وہ ملکی استحکام کے لیے متعارف کرائے گئے ٹرپل او پروگرام (آرڈر، آپرچونیٹی، آپٹیمائزیشن) کے مختلف پہلوؤں پر بھی اظہارِ خیال کریں گے۔
