اسلام آباد / نیویارک (ویب ڈیسک): اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے پاک فوج کے میجر جنرل جواد احمد قاضی (ہلالِ امتیاز ملٹری) کو ویسٹرن سہارامیں اقوامِ متحدہ کے مشن ‘مینورسو’ (MINURSO) کا نیا فورس کمانڈر مقرر کر دیا ہے۔
میجر جنرل جواد احمد قاضی پاک فوج اور اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں 35 سال سے زائد کا وسیع قيادتی، فیلڈ اور آپریٹو تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کی اس اہم عالمی عہدے پر تعیناتی پاکستان اور پاک فوج کے عالمی امن میں کردار کا بڑا اعتراف ہے۔
میجر جنرل جواد احمد قاضی نے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک متعدد اہم کمانڈ، اسٹاف اور انسٹرکشنل عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں:
پاک فوج میں اہم خدمات: وہ انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (GOC)، فورس کمانڈر نادرن ایریاز (FCNA) اور وزارتِ دفاع میں ڈائریکٹر جنرل کے طور پر اہم خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں وہ کروشیا میں اقوامِ متحدہ کے مشن (UNTAES) کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔
پاکستان نے اس اہم تعیناتی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان طویل عرصے سے دنیا بھر میں اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے تربیت یافتہ دستے اور تجربہ کار قیادت فراہم کرنے میں پیش پیش رہا ہے۔





