نیویارک: کشمیری رہنما سردار سوار خان نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کا دورہ کیا اور مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں جموں و کشمیر کے تنازع پر عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے اس موقع پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق ہونا چاہیے۔
سردار سوار خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی ایجنڈے پر زندہ رکھنے کے لیے پاکستانی مشن کی انتھک محنت اور فعال سفارت کاری کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے ساتھ پاکستان کا مسلسل رابطہ اور کشمیر کاز کی موثر وکالت کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی تحریک کے لیے انتہائی اہم ہے۔





