اٹلانٹا / آسٹل : امریکی ریاست جارجیا کے مشہور تفریحی پارک سکس فلیگز اوور جارجیا (Six Flags Over Georgia) میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں مشہور اور بلند ترین رولر کوسٹر ’’گولیاتھ‘‘ (Goliath) سے نیچے گرنے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
حادثے کے بعد پارک انتظامیہ نے فوری طور پر سواری کو بند کر دیا اور احتیاطی تدابیر کے طور پر اسی نوعیت کے دیگر نو اٹریکشنز بھی عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔
مقامی پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ پیر کی سہ پہر پیش آیا۔ تقریباً 200 فٹ بلندی اور 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی اس رولر کوسٹر پر سوار مسافر کے گرنے کا منظر انتہائی ہولناک تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وہ شخص رولر کوسٹر کی گاڑی سے نیچے گرا اور گرنے کے دوران متعدد بار رائڈ کے اسٹرکچر سے ٹکرایا۔
کوب کاؤنٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے میجر کرائمز یونٹ نے واقعے کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس اور تفتیشی ٹیمیں حادثے کی اصل وجوہات اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لے رہی ہیں۔
حادثے کے فوراً بعد رولر کوسٹر کے اونچائی پر رک جانے کی وجہ سے اس میں سوار دیگر مسافر فضا میں پھنس گئے تھے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے ہنگامی سیڑھیوں اور سیفٹی راستوں کے ذریعے باحفاظت نیچے اتارا۔
سکس فلیگز انتظامیہ نے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، تاہم متاثرہ خاندان کی پرائیویسی کا احترام کرتے ہوئے مزید تفصیلات جاری کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔





