نیویارک: نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینن اور میئر ممدانی نے مشترکہ طور پر کرس الیگزینڈر Chris Alexander کو New York City Commission on Racial Equity (CORE) کا نیا چیئرمین اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔ وہ یکم اگست 2027 سے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھالیں گے۔
کمیشن کی موجودہ چیئرپرسن اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لنڈا ٹیگانی کی تین سالہ مدت 31 جولائی 2026 کو ختم ہو چکی ہے، تاہم وہ 31 جولائی 2027 تک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گی، جس کے بعد کرس الیگزینڈر قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ یہ تقرری میئر اور سٹی کونسل اسپیکر کی مشترکہ منظوری سے عمل میں آئی ہے۔
میئر کے مطابق کرس الیگزینڈر نے حکومت کے اندر اور باہر نسلی مساوات کے فروغ کے لیے طویل عرصے تک کام کیا ہے۔ انہیں یقین ہے کہ وہ ان کمیونٹیز کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے جو تاریخی طور پر بنیادی سہولیات اور مواقع سے محروم رہی ہیں، جبکہ حکومتی کارکردگی میں کمی کی صورت میں انتظامیہ کو جوابدہ بنانے کے کمیشن کے کردار کو بھی برقرار رکھیں گے۔
سٹی کونسل اسپیکر جولی مینن نے کہا کہ شہر کی حکومتی پالیسیوں میں نسلی مساوات کو مرکزی اہمیت حاصل ہونی چاہیے اور CORE کی رہنمائی اس مقصد کے حصول کے لیے ضروری ہے۔
ان کے مطابق نئی تقرری سے قیادت کی منتقلی ایک منظم انداز میں ممکن ہوگی اور لنڈا ٹیگانی کو کمیشن کے اہم اہداف پر کام جاری رکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2027 سے کرس الیگزینڈر کمیشن کی قیادت کریں گے اور دونوں رہنماؤں کے ساتھ مل کر ادارے کے مشن اور تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے کام کیا جائے گا۔





