نیویارک: نیویارک سٹی کے میئر ظہران کوامے ممدانی نے شہر کے غیر منافع بخش اداروں (نان پرافٹ آرگنائزیشنز) کے مسائل، ضروریات اور ترجیحات کے تعین کے لیے 33 رکنی نان پرافٹ ایڈوائزری کونسل کے ارکان کی تقرریوں کا اعلان کر دیا ہے۔
کونسل میں سماجی خدمات، تعلیم، قانونی معاونت، بے گھر افراد کی مدد، بچوں کی نگہداشت، فنون و ثقافت اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے شعبوں سے وابستہ نمایاں شخصیات شامل ہیں۔
میئر ممدانی کے مطابق اس کونسل کا مقصد نیویارک کے غیر منافع بخش اداروں کی آواز کو حکومتی پالیسی سازی میں مؤثر نمائندگی دینا اور شہر کی انتظامیہ و ان اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اس موقع پر میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ غیر منافع بخش ادارے نیویارک کے عوام کے لیے انتہائی اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ ادارے بچوں کی تعلیم، بزرگ شہریوں کے تحفظ اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس محنت اور لگن سے یہ ادارے عوام کی خدمت کرتے ہیں، اسی طرح سٹی حکومت کو بھی ان کی معاونت کے لیے کام کرنا چاہیے۔
ڈپٹی میئر برائے صحت و انسانی خدمات ڈاکٹر ہیلن آرٹیگا نے کہا کہ نان پرافٹ ادارے ان نیویارکرز کو بنیادی سہولیات فراہم کرتے ہیں جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کے رہنماؤں کو حکومتی مشاورت میں شامل کرنا ضروری ہے تاکہ شہر انتظامیہ ان کی ضروریات کو بہتر انداز میں سمجھ کر مؤثر اقدامات کر سکے۔
میئر آفس آف نان پرافٹ سروسز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینی ای منگیز کے مطابق کونسل میں مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے رہنما شامل ہیں، جو قانونی معاونت، بے گھر افراد کی خدمات، بچوں کی دیکھ بھال، تعلیم، نوجوانوں کے انصاف، فنون و ثقافت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ رہنما ایسی پالیسیوں کی تشکیل میں معاون ثابت ہوں گے جو نیویارک کے غیر منافع بخش شعبے کو درپیش ساختی مسائل حل کرنے میں مدد دیں۔





