نیویارک : نیویارک سٹی کے میئر زہران کوامے مم دانی (Zohran Kwame Mamdani) اور پارکس کمشنر تریشیا شیامامورا (Tricia Shimamura) نے ریگو پارک (Rego Park)، کوئینز میں واقع تاریخی لوسٹ بٹالین ہال ریکری ایشن سینٹر (Lost Battalion Hall Recreation Center کی 2 کروڑ 59 لاکھ ڈالر (25.9 ملین ڈالر) کی لاگت سے مکمل تعمیرِ نو کے بعد باضابطہ بحالی کا اعلان کر دیا ہے۔

اس شاندار منصوبے کے تحت کوئینز کے خاندانوں، نوجوانوں اور بزرگوں کے لیے اس تاریخی مرکز کو 21 ویں صدی کے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا گیا ہے۔ جدید اینٹرنس لابی، نئے فٹنس رومز، باسکٹ بال کورٹ، لفٹنگ ایریا، معذور افراد کے لیے خصوصی واش رومز، فائر سیفٹی سسٹمز اور ایئر کنڈیشننگ کے جدید سسٹمز نصب کیے گئے ہیں۔
میئر نیویارک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ہر نیویارکر کو اپنے پبلک اسپیسز پر فخر ہونا چاہیے۔ موسمِ سرما کے آغاز سے قبل لوسٹ بٹالین ہال کا افتتاح کوئینز کے رہائشیوں کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے تاکہ وہ کھیل اور صحتمند سرگرمیاں جاری رکھ سکیں”۔

1939 میں پہلی جنگِ عظیم کی ‘لوسٹ بٹالین’ کی یاد میں تعمیر کیے جانے والے اس سینٹر سے نیویارک نکس (New York Knicks) نے 1960 کی دہائی میں بطور پریکٹس کورٹ استفادہ کیا جبکہ سابق این بی اے اسٹار کینی “دی جیٹ” اسمتھ کا تعلق بھی اسی ہال سے رہا ہے۔

کوئینز بورو پریذیڈنٹس ڈونووان رچرڈز اور سٹی کونسل ممبران نے کہا کہ ریگو پارک جیسے علاقے میں، جہاں بڑے پارکس کی کمی تھی، اس ریکری ایشن سینٹر کی بحالی سے نوجوانوں کو بندوق اور گینگ وائلنس سے دور رکھنے میں مدد ملے گی۔





