شنگھائی: بیجنگ میں چین اوپن (China Open) میں اپنے کیریئر کا 102 واں ٹائٹل جیتنے والے سربیا کے 39 سالہ ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ (Novak Djokovic) کو شنگھائی ماسٹرز کے پہلے ہی میچ میں غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
2023 کے چیمپئن ہوبارٹ ہرکاج (Hubert Hurkacz) نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دسویں سیڈڈ جوکووچ کو 6-4 اور 6-3 سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
بیجنگ کی فتح کے بعد سٹریٹ پانچ میچز جیتنے والے جوکووچ شنگھائی میں بائی (Bye) ملنے کے بعد براہِ راست دوسرے راؤنڈ میں پہنچے تھے، تاہم لگاتار میچوں کی تھکن اور پولینڈ کے ان فارم کھلاڑی ہرکاج کی تیز رفتار سروسز کا وہ مقابلہ نہ کر سکے۔
شکست کے بعد نوواک جوکووچ نے تصدیق کی ہے کہ وہ نومبر میں ہونے والے پیرس ماسٹرز (Paris Masters) سے قبل اب کسی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جوکووچ نے اعتراف کیا کہ “میں بيجنگ والی فارم میں نہیں تھا اور جسمانی طور پر تھکن محسوس کر رہا تھا۔ شنگھائی کا کورٹ بیجنگ سے مختلف اور بہت تیز تھا، جہاں ہرکاج کی بڑی سروسز کی واپسی ناممکن لگ رہی تھی”۔
دنیا کے 8 ویں نمبر کے کھلاڑی نوواک جوکووچ اس وقت ‘ریس ٹو ٹیورن’ میں نویں نمبر پر ہیں اور جنک سنر (Jannik Sinner) کی سیزن سے قبل فراغت کے بعد ان کے پاس ‘اے ٹی پی فائنلز’ کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع موجود ہے۔
تاہم، صرف پیرس ماسٹرز کھیلنے کے ان کے فیصلے کے باعث حریف کھلاڑیوں کے پاس رینکنگ پوائنٹس میں آگے نکلنے کا موقع رہے گا۔
سربین اسٹار کا کہنا تھا کہ وہ اب چند ہفتے مکمل آرام کریں گے تاکہ انڈور کورٹ سیزن اور پیرس ماسٹرز کے لیے مکمل طور پر تیار ہو سکیں۔





