واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ٹیکسٹائل ری سائیکلنگ اور ‘سرکولر اکانومی’ (Circular Economy) کے فروغ کے لیے عالمی صنعتی رہنماؤں کے ساتھ ایک اہم اور اعلیٰ سطح ملاقات کی ہے، جس کا مقصد پاکستان کو خطے میں ٹیکسٹائل ری سائیکلنگ کا مرکزی حب (Hub) بنانا ہے۔
اس اہم ملاقات میں پاکستانی سفیر کے ہمراہ کنسول جنرل عامر احمد اتوزئی اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر عدنان محمود اعوان بھی موجود تھے۔ پاکستانی وفد نے ’تسوزوکی اسپننگ کمپنی‘ (Tsuzuki Spinning Company) کے سی ای او اور مشہور بین الاقوامی برانڈ ’سول ڈی جانیریو‘ (Sol de Janeiro) کے بانی و سی ای او سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کا بنیادی مرکز پائیدار ٹیکسٹائل کی پیداوار اور ری سائیکلنگ کو فروغ دینے کے لیے امریکہ میں متعارف کرائے جانے والے نئے ماحولیاتی قوانین تھے۔
ملاقات کے دوران تسوزوکی اسپننگ کمپنی کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے پاس علاقائی سطح پر ٹیکسٹائل ری سائیکلنگ کا ایک بڑا حب بننے کی بھرپور صلاحیت اور انفراسٹرکچر موجود ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ کمپنی بہت جلد اس منصوبے کی عملی فزیبلٹی کی پیش رفت کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان ماحول دوست، پائیدار اور جدید سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل سرکاری تعاون اور سہولت کاری کی یقین دہانی کروائی۔
طرفین نے ری سائیکلنگ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار ٹیکسٹائل کی تیاری میں آئندہ بھی مسلسل رابطے میں رہنے اور اس تاریخی تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔





