نیویارک / اسلام آباد (ویب ڈیسک): امریکی شہر نیویارک میں بروک لین کے معروف علاقے کونے آئی لینڈ ایونیو، جسے ‘لٹل پاکستان’ (Little Pakistan) کے نام سے جانا جاتا ہے، میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی شاندار اور پروقار انداز میں منایا گیا۔
اس پرمسرت تقریب کا اہتمام پاکستانی امریکن لا انفورسمنٹ سوسائٹی (PALS) نے کیا، جو نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی نژاد امریکی پولیس افسران اور ایگزیکٹوز کی نمائندہ تنظیم ہے۔
تقریب کے دوران نیویارک میں پاکستان کے قنسول جنرل عامر احمد اتوزئی (Aamer Ahmed Atozai) نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا، جبکہ امریکی کانگریس وومن ایویٹ کلارک (Yvette Clarke) نے امریکی پرچم کی پرچم کشائی کی۔
اس پروقار تقریب کا اہتمام پی اے ایل ایس (PALS) کی قیادت اور ڈیٹیکٹو روحیل خالد (Rohail Khalid) سمیت دیگر پولیس افسران نے کیا۔
تقریب میں لا انفورسمنٹ ایجنسیوں کے سربراہان اور پاکستانی برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس تقریب نے نہ صرف پاکستان کے 79ویں جشنِ آزادی کو یادگار بنایا بلکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کا بھی اعادہ کیا۔





