لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

میئرزوہران ممدانی کا NYUمیں کوانٹم لیب کیلئے 29.2 ملین ڈالرکی گرانٹ کااعلان

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک : امریکی ریاست نیویارک کے میئر زوہران کوامے مامدانی (Zohran Kwame Mamdani)، ڈپٹی میئر برائے اقتصادی انصاف جولی سو (Julie Su) اور نیویارک سٹی اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن (NYCEDC) کے صدر اینتھونی شوریس نے نیویارک یونیورسٹی (NYU) میں ایک جدید ترین کوانٹم فیبریکیشن فیسیلٹی (QFab) کے قیام کے لیے 29.2 ملین ڈالر کی سرکاری فنڈنگ کا اعلان کر دیا ہے۔

284 ملین ڈالر کے اس مجموعی پبلک پرائیویٹ پروجیکٹ کا مقصد نیویارک شہر کو عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی کوانٹم ٹیکنالوجی کا مرکز بنانا ہے۔

اس تاریخی معاہدے کے تحت نیویارک سٹی ہال کو نہ صرف QFab کے ایگزیکٹو ایڈوائزری بورڈ میں نشستیں ملیں گی بلکہ فیسیلٹی سے تیار ہونے والی نئی ٹیکنالوجیز، پیٹنٹس اور تجارتی حقوق (Intellectual Property) میں 15 فیصد شیئر بھی حاصل ہوگا.

یہ اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے جو عوامی فنڈز کے ذریعے ہونے والی تکنیکی پیشرفت سے حاصل ہونے والے منافع اور فوائد کی عوام تک رسائی کو یقینی بنائے گا۔

2030 میں افتتاح اور جدید سہولیات: مین ہٹن میں 770 براڈوے پر 23,000 اسکوائر فٹ پر محیط یہ جدید لیب 2030ء میں فعال ہوگی۔ این وائی یو کی جانب سے اضافی 255 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے بننے والی یہ لیب محققین، اسٹارٹ اپس اور کمپنیوں کو کوانٹم چپس کی تیاری اور ٹیسٹنگ کے لیے کلین رومز اور کرائیوجینکس تکنیک فراہم کرے گی۔

35 ہزار نیویارکرز اور CUNY طلبا کے لیے مواقع: آئندہ 10 برسوں میں QFab سے 35,000 نیویارک واسی مستفید ہوں گے۔ اس منصوبے کے تحت سٹی یونیورسٹی آف نیویارک (CUNY) اور نیویارک سٹی پبلک اسکولز کے طلباء کو جدید لیبز، سرٹیفکیٹ پروگرامز، اور انٹرن شپس اور تربیت کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اس فیسیلٹی سے 50 سے زائد نئی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کو ابھرنے میں مدد ملے گی۔ میئر مامدانی کا کہنا تھا کہ “ہم ایک ایسا شہر بنا رہے ہیں جہاں معاشی انصاف جدت اور ترقی کی قیمت پر حاصل نہیں ہوتا بلکہ تمام شہری کوانٹم ٹیکنالوجی کی ترقی کے برابر کے حصہ دار بنتے ہیں”۔