نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی میں کان ایڈیسن (Con Edison) اور دیگر پاور کمپنیوں کی جانب سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں سنسنی خیز اضافے کے بعد سٹی انتظامیہ نے شہریوں کو فوری مالی امداد فراہم کرنے کے لیے ‘اینہانسڈ انرجی افورڈیبلٹی پروگرام’ (Enhanced Energy Affordability Program) کی باضابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
اس مفت پروگرام کے تحت مستحق نیویارکرز کو ہر ماہ بجلی کے بلوں میں 33 ڈالر تک اور قدرتی گیس (Natural Gas) کے بلوں میں 135 ڈالر تک کی ڈائریکٹ بچت و ریلیف حاصل ہو سکے گا۔
میئر کے آفس آف کلائمیٹ اینڈ انوائرنمنٹل جسٹس (MOCEJ) اور پبلک انگیجمنٹ یونٹ (PEU) کی خصوصی ٹیموں نے شہر کے مختلف حصوں، سب وے اسٹیشنوں اور عوامی مقامات پر جا کر نیویارکرز سے براہِ راست رابطہ شروع کر دیا ہے تاکہ کم اور درمیانی آمدنی والے خاندانوں کو اس ریلیف پروگرام میں اپلائی کرنے میں مدد دی جا سکے۔
درخواست گزار کا کسی بھی شراکت دار نیویارک یوٹیلیٹی کمپنی (مثلاً Con Edison) کے ساتھ فعال رہائشی بجلی یا قدرتی گیس کا اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران گھرانے کے تمام کمانے والے افراد کی کل آمدنی کے مکمل اور تصدیق شدہ ثبوت فراہم کیے جائیں۔
میئر افس کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا بنیادی ہدف نیویارک کے ان غریب اور مستحق ترین علاقوں کو ریلیف پہنچانا ہے جہاں لوگ مہنگائی اور بجلی و گیس کے بھاری بلوں کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
شہری نیویارک سٹی کی آفیشل پورٹل پر جا کر آن لائن بھی اس پروگرام کے لیے اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔





