نیویارک: نیویارک سٹی کے سب سے مصروف ٹائمز اسکوائر سب وے اسٹیشن پر پیر کی رات ایک نامعلوم شخص نے میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی (MTA) کے 30 سالہ اہلکار کو چاقو مار کر شدید زخمی کر دیا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ پیر کی رات تقریباً 10:30 بجے 42nd اسٹریٹ – ٹائمز اسکوائر سب وے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر پیش آیا۔ ڈیوٹی پر مامور ایم ٹی اے اہلکار اور ایک نامعلوم شخص کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی۔
تکرار کے دوران ملزم نے تیز دھار چاقو سے ایم ٹی اے اہلکار کے بائیں بازو پر وار کیا جس سے اسے گہرا زخم آیا۔
متاثرہ اہلکار کو فوری طور پر قریب واقع مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم (Stable) بتائی جا رہی ہے۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور واردات کے بعد جنوب کی طرف جانے والی ساؤتھ باؤنڈ نمبر 1 ٹرین میں سوار ہو کر موقع سے فرار ہو گیا۔
نیویارک پولیس (NYPD) نے سب وے اسٹیشن کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کی شناختی کارروائی شروع کر دی ہے اور شہریوں سے ملزم کی گرفتاری کے لیے معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔





