نیویارک (ویب ڈیسک): امریکی شہر نیویارک کے علاقے مینہیٹن میں منگل کی صبح ایک سب وے ٹرین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ نیویارک فائر ڈیپارٹمنٹ (FDNY) نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
فائر حکام کے مطابق یہ دردناک واقعہ منگل کی صبح سویرے 2:16 بجے مشہور ایسٹر پلیس (Astor Place) اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں جنوب کی سمت جانے والی چار بگیوں پر مشتمل ایک ویکیوم ٹرین (Vacuum Train) میں اچانک آگ لگ گئی۔ اطلاق ملتے ہی فائر فائٹرز کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو انہیں اسٹیشن کے اندر اور سڑک کی سطح پر شدید دھویں کا سامنا کرنا پڑا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی 141 فائر اور ای ایم ایس (EMS) اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا اور آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ تلاش کا کام شروع کیا۔ اسی دوران شمال کی طرف جانے والی ایک مسافر ٹرین بھی اسٹیشن پر پہنچ گئی۔
حکام نے فوری طور پر مسافروں کو بحفاظت ٹرین سے باہر نکالا اور پورے اسٹیشن کی سرچنگ کی۔ واقعے میں ایم ٹی اے (MTA) کے 8 ورکرز اور 5 فائر فائٹرز زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
آتشزدگی کے اس واقعے کے باعث سب وے کی نمبر 4 اور 6 ٹرینوں کو گرینڈ سینٹرل-42nd اسٹریٹ اور برکلن برج-سٹی ہال کے درمیان عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔
بعد ازاں، صبح 6:50 بجے کے قریب نمبر 4، 5 اور 6 لائنوں پر ٹرین سروس کو دوبارہ بحال کر دیا گیا۔ فائر حکام فی الوقت آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں، جس کے بعد ایم ٹی اے کی جانب سے متاثرہ ٹرین کو ہٹا کر ٹریکس کو مکمل طور پر کھولنے کا پلان بنایا جائے گا۔





