جرسی سٹی: جرسی سٹی میں سٹی کونسل نے بھاری مالی خسارے پر قابو پانے کے لیے پراپرٹی ٹیکس میں 15.5 فیصد کے متنازع اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے نے مقامی رہائشیوں بالخصوص محدود آمدنی والے افراد میں شدید تشویش اور بے چینی پیدا کر دی ہے۔
کونسل ممبران کا کہنا ہے کہ شہر شدید مالی بحران کا شکار تھا اور اگر یہ سخت فیصلہ نہ لیا جاتا تو ٹیکس دہندگان کو اس سے بھی زیادہ مالی بوجھ اٹھانا پڑتا۔ بجٹ کا خسارہ پورا کرنے کے لیے نیو جرسی کی ریاستی حکومت 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا قرض اور 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی گرانٹ فراہم کر رہی ہے۔
کونسل کے ایک رکن کے مطابق ریاستی امداد کی بدولت ٹیکس میں ممکنہ 30 فیصد اضافے کو روکنا ممکن ہوا، جبکہ اس بجٹ کو مسترد کرنے کی صورت میں مالی حالات مزید سنگین ہو سکتے تھے۔ کونسل کے بعض اراکین نے اعتراف کیا کہ یہ فیصلہ ان کے لیے انتہائی مشکل تھا کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ فکسڈ انکم والے شہریوں کے لیے یہ اخراجات برداشت کرنا آسان نہیں ہوگا۔
غیر متوقع مالی خسارہ: جرسی سٹی میں گزشتہ چند سالوں سے ترقیاتی کاموں اور نئے سرمایہ کاروں کی آمد کا سلسلہ جاری تھا، تاہم حالیہ آڈٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ انتظامیہ نے 9 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زائد کے اخراجات کو آئندہ کے بجٹ میں منتقل کر کے بحران کو طول دیا تھا۔
یہ پراپرٹی ٹیکس اضافہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کاؤنٹی اور اسکول بورڈ کی جانب سے بھی ٹیکسوں میں 15.5 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے، جس سے شہریوں کا مجموعی بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔





