لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 110 ڈالر فی بیرل کےقریب پہنچ گئیں

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک / لندن (ویب ڈیسک): مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ، امریکہ اور ایران کے درمیان شدید کشیدگی اور انتہائی اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) کی مسلسل بندش کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر سنسنی خیز اور نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ جمعرات کے روز امریکی خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل کے خطرناک حد تک قریب پہنچ گئی ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں ایک ہی دن میں 5.7 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت 109.60 ڈالر ہو گئی۔ اسی طرح عالمی معیار سمجھے جانے والے برینٹ (Brent) خام تیل کی قیمت میں بھی 2 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ پانچ ماہ کی بلند ترین سطح 111.69 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

رواں برس فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں ایران نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کر دیا تھا اور تجارتی و آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانا شروع کر دیا تھا۔ اس کے جواب میں امریکہ نے بھی ایرانی بحریہ کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

دنیا بھر میں تیل و گیس کی ترسیل کی سب سے اہم آبی گزرگاہ کی بندش کے باعث عالمی سپلائی چین شدید متاثر ہوئی ہے۔ متبادل اور طویل بحری راستوں کے استعمال سے ٹرانسپورٹیشن لاگت میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے جس سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات اور سفارتی حل کی تمام تر کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، جس کے باعث عالمی انرجی مارکیٹ میں شدید غیر یقینی اور خدشات پائے جاتے ہیں۔