نیویارک: بینک آف امریکہ نے 32 سالہ نائب صدر ایرن پیاسنٹی کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
تفصلات کےمطابق گزشتہ روز نیویارک کے مشہورِ زمانہ ٹائمز اسکوائر میں پیر کے روز پیش آنے والے چاقو زنی کے دلخراش واقعے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت ‘بینک آف امریکہ’ کی 32 سالہ نائب صدر ایرن پیاسنٹی (Erin Piacenti) کے نام سے ہوئی ہے جسکی تصدیق بینک آف امریکہ کے ترجمان نےآج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ترجمان کے مطابق، نیو جرسی سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ ایرن پیاسنٹی ‘بینک آف امریکہ’ میں بزنس سلیکشن اینڈ کنفلکٹس کی وائس پریذیڈنٹ (VP) کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ بینک نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا: “ہم اپنی قابلِ قدر ساتھی کے اس دلخراش نقصان پر شدید صدمے میں ہیں۔ وہ ہمارے لیے ایک بہترین اور اہم ساتھی تھیں، جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں ان کے اہلخانہ اور پیاروں کے ساتھ ہیں۔”
پولیس حکام کے مطابق، ایرن پیاسنٹی پر حملہ کرنے والی 49 سالہ خاتون کی شناخت پامیلا سسنیروس (Pamela Cisneros) کے نام سے ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق، پامیلا نے حملے سے کچھ لمحے قبل “میں اس سے تنگ آ چکی ہوں، میں اس سے تنگ آ چکی ہوں” کے الفاظ ادا کیے اور اچانک ایرن پیاسنٹی اور ایک 68 سالہ شخص پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ واقعے میں 68 سالہ شخص شدید زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کا کہنا ہے کہ موقع پر موجود اہلکاروں نے مسلح حملہ آور خاتون سے چار منٹ تک گفتگو کے ذریعے چاقو پھینکنے کی کوشش کی، جس کے بعد اس پر ‘ٹیزر’ (Taser) چلایا گیا۔ تاہم، ٹیزر لگنے کے باوجود پامیلا سسنیروس چاقو لہراتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی طرف لپکی، جس پر اہلکاروں نے مجبوری میں فائرنگ کر دی۔ شدید زخمی حملہ آور کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئی۔ پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ 49 سالہ پامیلا سسنیروس نفسیاتی مسائل کا شکار تھی اور 2018 اور 2019 میں بھی اس کا NYPD کے ساتھ ریکارڈ موجود تھا۔





