لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

اقوام متحدہ میں پاکستان کابھارت کودوٹوک جواب، کشمیربھارت کااندرونی معاملہ نہیں

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

تاریخ: 9اکتوبر 2026

نیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی چوتھی کمیٹی (برائے استعمار زدائی اور خصوصی سیاسی معاملات) کے اجلاس میں پاکستان نے بھارت کے دعوؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر نہ تو کبھی بھارت کا “اٹوٹ انگ” تھا اور نہ ہی یہ اس کا اندرونی معاملہ ہے۔

پاکستانی وفد کے رکن اور فرسٹ سیکرٹری انسر شاہ (Ansar Shah) نے بھارتی نمائندے کے الزامات کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ “جھوٹے اور بے بنیاد دعوؤں کا بار بار دہرایا جانا کسی بھی قانونی سوال کا جواب نہیں ہو سکتا۔

محض قبضے سے خودمختاری پیدا نہیں ہوتی اور نہ ہی انکار سے کسی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع کو ختم کیا جا سکتا ہے”۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کوئی ایکسپائری تاریخ نہیں ہوتی اور بین الاقوامی ذمہ داریاں محض اس لیے ختم نہیں ہو سکتیں کہ بھارت کے لیے وہ ناگوار ہیں۔

پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کو ان کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پیدائشی حقِ خود ارادیت ملنا چاہیے۔

انسر شاہ نے بھارتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کی جانب سے من گھڑت الزامات کا سہارا لے کر جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو چھپانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔

پاکستان نے یاد دلایا کہ سلامتی کونسل کی قراردادیں عالمی امن اور فریقین کے مابین طے پانے والے اصولوں کا حصہ ہیں جن سے بھارت روگردانی نہیں کر سکتا۔