لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

فیفاورلڈکپ 2026:امریکی اسٹارفولارین بالوگن پرسےپابندی ختم

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

سیئٹل: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 (Round of 16) کے اہم ترین مقابلے سے قبل امریکی فٹ بال ٹیم کے لیے بڑی اور خوش آئند خبر آگئی ہے۔

امریکی اسٹار اسٹرائیکر فولارین بالوگن (Folarin Balogun) پیر کے روز بیلجیم کے خلاف ہونے والے بڑے میچ میں شرکت کر سکیں گے۔ بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا کے خلاف میچ میں ملنے والے ریڈ کارڈ پر شدید احتجاج اور بحث کے بعد فیفا نے ان کی معطلی کی سزا کو معطل کر دیا ہے۔

بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا کے خلاف میچ کے دوران بالوگن کا پیر حریف ٹیم کے دفاعی کھلاڑی تارق محرمووچ کے پیر پر آ گیا تھا۔ برازیلین ریفری رافیل کلاؤس نے میچ روک کر ‘وار’ (VAR Review) کی مدد لی اور بالوگن کو شدید فاؤل کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا تھا۔ اس میچ میں بالوگن نے گول بھی اسکور کیا تھا۔

معروف اسپورٹس ویب سائٹ ‘دی ایتھلیٹک’ کے مطابق، فیفا کے ڈسپلنری کوڈ کے تحت جوڈیشل باڈی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی تادیبی کارروائی یا سزا کو مکمل یا جزوی طور پر معطل کر سکتی ہے۔ فیفا نے تصدیق کی ہے کہ بالوگن کی یہ معطلی ایک سال کے آزمائشی وقفے (Probationary Period) کے لیے معطل رہے گی۔ اگر اس دوران انہوں نے دوبارہ ایسا فاؤل کیا تو سزا بحال کر دی جائے گی۔

امریکہ فٹ بال فیڈریشن (U.S. Soccer) نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “ہم ڈسپلنری کمیٹی کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں اور خوش ہیں کہ فولارین بالوگن پیر کے میچ کے لیے دستیاب ہیں۔ اب ہماری تمام تر توجہ سیئٹل میں بیلجیم کے خلاف راؤنڈ آف 16 کے میچ پر مرکوز ہے۔”

اپنے ریڈ کارڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے بالوگن نے کہا: “یہ فاؤل مکمل طور پر غیر ارادی تھا، ریفری کا فیصلہ درست نہیں تھا۔ وہاں پیر رکھنے کی کوئی اور جگہ نہیں تھی، میرے خیال میں یلو کارڈ کافی تھا۔ میں اس دوران کافی پریشان رہا، لیکن میرے لیے پرسکون رہنا ضروری تھا کیونکہ بچے ہمیں دیکھ رہے ہیں اور ہمیں انہیں سکھانا ہے کہ ناانصافی کے باوجود صورتحال کو کیسے سنبھالا جاتا ہے۔ ہم بیلجیم کے خلاف میچ کے لیے پرجوش ہیں۔”

یاد رہے کہ ورلڈ کپ قوانین کے آرٹیکل 9.6 کے تحت ریفری کے فیصلے کے خلاف اپیل کی گنجائش نہیں ہوتی، تاہم فیفا کے خصوصی ڈسپلنری کوڈ نے امریکی ٹیم کو یہ بڑا ریلیف فراہم کیا ہے۔