لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

نیویارک:SNAPمستحقین کےلیےہیلتھ بکس میں 40 فیصداضافہ،جنوری 2027سےروزانہ 14 ڈالرکے کوپن ملیں گے

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک: نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے سپلیمنٹل نیوٹریشن اسسٹنس پروگرام (SNAP) کے تحت غذائی امداد حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے ایک اہم ریلیف کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کسانوں کی مارکیٹوں سے تازہ پھل اور سبزیاں خریدنے پر دی جانے والی مالی مراعات میں 40 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

ممدانی انتظامیہ کے اعلان کے مطابق جنوری 2027 سے Health Bucks پروگرام کے تحت روزانہ مراعات کی زیادہ سے زیادہ حد 10 ڈالر سے بڑھا کر 14 ڈالر کر دی جائے گی۔ اس پروگرام کے تحت SNAP بینیفشریز کسانوں کی مخصوص مارکیٹوں اور فارم اسٹالز سے تازہ پھل اور سبزیاں خریدنے پر ہر 2 ڈالر کے خرچ کے عوض اضافی Health Bucks حاصل کر سکیں گے۔

یہ کوپن نیویارک شہر بھر میں 100 سے زائد کسانوں کی مارکیٹوں اور فارم اسٹالز پر تازہ پھل اور سبزیاں خریدنے کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔ انتظامیہ کے اندازے کے مطابق روزانہ مراعات کی حد بڑھانے سے صرف 2027 کے دوران SNAP مستحقین میں تقریباً 23 لاکھ ڈالر تقسیم کیے جائیں گے، جس سے مقامی کسانوں، دکانداروں اور کم آمدنی والے خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔

میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ نیویارک کے شہری روزانہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات کے ساتھ خریداری کے لیے دکانوں کا رخ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق غذائی عدم تحفظ میں اضافے کے باعث بہت سے خاندان تازہ پھل اور سبزیاں خریدنے سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ Health Bucks پروگرام کے ذریعے تازہ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کو کم آمدنی والے خاندانوں کی پہنچ میں لانے کے ساتھ مقامی کسانوں کی مارکیٹوں اور فارم اسٹالز کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

صحت و انسانی خدمات کی ڈپٹی میئر ڈاکٹر ہیلن آرٹیگا نے کہا کہ تازہ پھل اور سبزیاں خریدنا کسی خاندان کے لیے عیاشی نہیں بلکہ بنیادی غذائی ضرورت ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق غذائی عدم تحفظ کا سامنا کرنے والے نیویارک کے بہت سے شہری مناسب مقدار میں پھل اور سبزیاں استعمال نہیں کر پاتے، جبکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں نے معیاری خوراک تک رسائی مزید مشکل بنا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ Health Bucks پروگرام میں توسیع کے ذریعے انتظامیہ ان شہریوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرنے کے مواقع بڑھا رہی ہے جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

نیویارک سٹی کے ہیلتھ کمشنر ڈاکٹر الیسٹر ایف مارٹن نے کہا کہ دل کی بیماری سمیت متعدد دائمی امراض کا تعلق انسانی خوراک اور غذائی عادات سے ہے۔ ان کے مطابق صحت مند غذا کے فوائد سے آگاہ ہونا ایک بات ہے، لیکن اسے خریدنے کی مالی استطاعت رکھنا بالکل مختلف معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ Health Bucks کی روزانہ حد 14 ڈالر کرنے سے SNAP حاصل کرنے والے شہریوں کی قوتِ خرید میں اضافہ ہوگا، جبکہ اس اقدام سے مقامی کسانوں کو بھی معاشی مدد ملے گی۔

نیویارک سٹی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی نئی تحقیق کے مطابق غذائی عدم تحفظ کے خطرے سے دوچار بالغ شہریوں میں تقریباً 80 فیصد افراد نے متوازن غذا خریدنے میں مشکلات کا سامنا کرنے کی نشاندہی کی۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ 18 فیصد افراد نے گزشتہ روز کوئی پھل یا سبزی نہیں کھائی تھی، جبکہ تقریباً ایک تہائی افراد خوراک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے فوڈ پینٹریز اور دیگر ہنگامی غذائی امدادی خدمات سے استفادہ کر رہے تھے۔

ماہرین کے مطابق Health Bucks جیسے مراعاتی پروگرام نہ صرف تازہ پھلوں اور سبزیوں کے استعمال میں اضافے بلکہ غذائی عدم تحفظ کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

Health Bucks پروگرام کو نیویارک سٹی حکومت کی فنڈنگ کے علاوہ Gus Schumacher Nutrition Incentive Program کے تحت ملنے والی 57 لاکھ ڈالر کی نئی گرانٹ سے بھی مالی معاونت حاصل ہے۔

یہ وفاقی سطح کا گرانٹ پروگرام ایسے منصوبوں کی معاونت کرتا ہے جن کا مقصد SNAP مستحقین میں تازہ پھلوں اور سبزیوں کی خریداری بڑھانا ہے۔

کسانوں کی مارکیٹوں اور فارم اسٹالز پر خریداری کے عوض مراعات دینے کے علاوہ نیویارک سٹی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ مختلف کمیونٹی اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ بھی کام کرتا ہے۔ ان اداروں کے ذریعے شہریوں کو غذائیت سے متعلق آگاہی، صحت کی سرگرمیوں اور تعلیمی پروگراموں میں شرکت پر Health Bucks کوپن فراہم کیے جاتے ہیں۔

Health Bucks پروگرام ممدانی انتظامیہ کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد نیویارک کے تمام شہریوں کے لیے معیاری اور صحت بخش خوراک کو سستا اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔

اس سال کے آغاز میں میئر ممدانی نے ایسٹ ہارلم کے علاقے میں واقع La Marqueta کو شہر کے مجوزہ میونسپل گروسری اسٹور پروگرام کے لیے پہلے منتخب مقام کے طور پر متعارف کرایا تھا۔

انتظامیہ کے منصوبے کے مطابق میئر ممدانی کی پہلی مدتِ میئرشپ کے اختتام تک نیویارک کے پانچوں بورو میں ایک ایک میونسپل گروسری اسٹور کھولا جائے گا۔

دوسری جانب Health Bucks پروگرام رواں سال اپنی 20ویں سالگرہ بھی منا رہا ہے۔ نیویارک سٹی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 2005 میں آغاز کے بعد سے اب تک اس پروگرام کے تحت 2 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے Health Bucks تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

جنوری 2027 سے مراعات میں اضافے کے بعد کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے تازہ پھلوں اور سبزیوں کی خریداری میں مزید سہولت پیدا ہونے اور مقامی کسانوں کی مارکیٹوں کو اضافی معاشی مدد ملنے کی توقع ہے