نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب سفیر عثمان جادوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (UNSC) میں شام کی انسانی اور سیاسی صورتحال پر خصوصی بریفنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے شام کی بحالی اور عالمی برادری میں اس کی واپسی کے لیے پاکستان کے مکمل تعاون اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
سفیر عثمان جادوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سالہا سال کے تنازعات اور جنگ کے بعد آج شام میں بحالی، تعمیرِ نو اور امید کی ایک نئی کرن بیدار ہو رہی ہے۔ شام تیزی سے خطے اور بین الاقوامی برادری میں اپنا جائز مقام دوبارہ حاصل کر رہا ہے۔ نئے سفارتی روابط، قومی اداروں کی بحالی اور معاشی سرگرمیوں کا تدریجی احیاء شام کی تاریخ میں ایک نئے مثبت باب کا پتہ دیتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ پاکستان شام کی اس مثبت تبدیلی اور پیش رفت پر دل سے خوش ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کی اعلیٰ ترین قیادت کے درمیان اہم ملاقات ہوئی تھی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ شام میں انسانی امداد اور معاشی بحالی کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے تاکہ شامی عوام کے لیے پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔





