لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

یونان میں امریکی سفیرکی بدعنوانی کامعاملہ: صدرٹرمپ کیمبرلی گلفائل کوعہدےسےبرطرف کرنےپرغورکرنےلگے

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

واشنگٹن / ایتھنز: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یونان میں امریکی سفیر کیمبرلی گلفائل (Kimberly Guilfoyle) کو ان کے خلاف بدعنوانی، مہنگے تحائف کی وصولی اور امریکی حکام تک رسائی کے عوض رقم مانگنے کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد عہدے سے برطرف کرنے پر غور کرنےلگے۔

ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ گزشتہ چند دنوں سے سامنے آنے والے ان الزامات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

کیمبرلی گلفائل، جو ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی منگیتر بھی رہ چکی ہیں، پر الزام ہے کہ انہوں نے سینیٹ سے بطور سفیر منظوری حاصل کرنے سے قبل انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں تک رسائی کی قیمت وصول کرنے کی کوشش کی اور سفارتی عہدے کے دوران غیر قانونی تحائف حاصل کیے۔

یہ تنازع اس وقت مزید سنگین ہوا جب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو (Marco Rubio) جمہوریت کے حوالے سے اہم خطاب کے لیے ایتھنز کے دورے پر موجود تھے، جس سے امریکی سفارت کاری کو شدید خفگی کا سامنا کرنا پڑا۔

سابق ٹرمپ ڈونر ایرک ڈیٹرز (Eric Deters) نے انکشاف کیا کہ گلفائل نے سینیٹ کی منظوری سے قبل ٹیکسٹ پیغام کے ذریعے 100,000 ڈالر اپنے امریکن ایکسپریس کارڈ کے لیے بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔

گلفائل کے وکلاء نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیٹرز پر گلفائل کی سابقہ تقریروں اور کنسلٹنسی سروسز کے بقایا جات واجب الادا تھے، اور اپنے کام کے پیسے مانگنا کوئی بدعنوانی نہیں ہے۔

صحافیوں کی جانب سے سوال پر صدر ٹرمپ نے گلفائل کا کوئی دفاع نہیں کیا اور صرف اتنا کہا کہ “مجھے اس بارے میں تھوڑی معلومات ملی ہیں، باقی مجھے زیادہ نہیں معلوم لیکن وہ ہمیشہ بہت اچھی رہی ہیں”۔

نائب صدر جے ڈی وینس (JD Vance) نے کہا کہ وہ مالی مفاد کے بدلے سرکاری حکام تک رسائی دینے کے عمل کے شدید خلاف ہیں اور اگر تفتیش میں جرم ثابت ہوا تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔