نیویارک:نیویارک کے مصروف ترین اور مشہور ترین مقام ‘ٹائمز اسکوائر’ کی فضاؤں میں منگل کی رات ایک انوکھا اور سنسنی خیز فنکارانہ منظر دیکھنے کو ملے گا۔
معروف پرفارمنس آرٹسٹ ڈیوڈ کسن یا ‘کنلاؤ’ (Kinlaw) 46th اور 47th اسٹریٹ کے درمیان ڈفی اسکوائر (Duffy Square) پر ایک کرین کے ذریعے 150 فٹ کی بلندی پر معلق ہو کر اپنی مشہور پرفارمنس “FALL RISK” کا مظاہرہ کریں گی۔
‘ٹائمز اسکوائر آرٹس’ (Times Square Arts) کے تحت پیش کی جانے والی یہ ایک رات کی خصوصی پرفارمنس نیویارک شہر میں اس فنکارانہ کاوش کا پہلا شو (Premier) ہے۔ 150 فٹ اونچی کرین کے بازو سے لٹکے ہوئے آرٹسٹ کا مائیکرو فون ان کے سانس لینے کی آواز اور گفتگو کو مجمع کے سامنے واضح طور پر نشر کرے گا۔
اس فنکارانہ کاوش کا تاریخی موازنہ تقریباً ایک صدی قبل کے مشہور جادوگر ہیری ہوڈینی (Harry Houdini) کے کرین اسٹنٹ سے کیا جا رہا ہے۔
تاہم، ہوڈینی کا مقصد ہتھکڑیوں سے بھاگنا تھا جبکہ ‘کنلاؤ’ کی یہ پرفارمنس انسانی جسم کی برداشت، حد اور بقا پر مبنی ہے۔
‘ٹائمز اسکوائر آرٹس’ کی ڈائریکٹر اینا اسٹارلنگ (Anna Starling) کا کہنا ہے کہ “ٹائمز اسکوائر ہمیشہ سے مختلف شوز کا مرکز رہا ہے، لیکن ‘FALL RISK’ کے ذریعے اس کو انسانی جسم کی صلاحیتوں، نمائش اور برداشت کے گرد دوبارہ ترتیب دیا جا رہا ہے”۔
یہ شاندار اور مفت پرفارمنس منگل کی رات 8 بجے شروع ہوگی اور تمام عوام کے لیے کھلی ہے۔
یہ پرفارمنس پہلی بار جون 2025 میں ‘آرٹ او می’ (Art Omi) کی کیوریٹر سارہ او کیفے کے زیرِ اہتمام پیش کی گئی تھی اور نیویارک کا یہ شو اس کا سب سے بڑا پبلک ڈسپلے ہے۔





