نیویارک: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی جانب سے پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد اور ان کے اہلخانہ کے اعزاز میں ایک وقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مشن اور نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کے تمام افسران اور ان کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد کو اقوامِ متحدہ کے فورم پر پاکستان کی شاندار نمائندگی اور قوم کے لیے ان کی گراں قدر خدمات پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

عثمان جدون نے سفیر عاصم کی قیادت اور مینٹورشپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی ٹیم میں اعتماد پیدا کیا اور مشکل ترین حالات میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ان کی رہنمائی کی۔

سفیر عاصم نے 21 ماہ کی مدتِ ملازمت کے دوران ملنے والے تعاون پر افسران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک میں یہ ان کی تیسری تعیناتی تھی اور عالمی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ افتخار رہا۔
انہوں نے سفارتکاروں کے اہلخانہ کے صبر اور قربانیوں کو سراہا، جن کی بدولت افسران دفتری اوقات اور چھٹیوں کے دنوں میں بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے سکے۔

نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے بھی سفیر عاصم کی قیادت کو سراہا اور اسلام آباد میں ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران دو خصوص ویڈیوز دکھائی گئیں، جن میں ایک میں سفیر عاصم کی 21 ماہ کے سفر کی تصویری جھلکیاں اور دوسری میں مشن کے افسران کے تاثرات شامل تھے۔





