واشنگٹن: امریکی وزارتِ خزانہ کے ذیلی ادارے ‘یو ایس منٹ’ (US Mint) نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والے ایک ڈالر کے خصوصی یادگاری سکے جاری کر دیے ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ ایک صدی کے دوران امریکی کرنسی پر نظر آنے والے پہلے زندہ صدر بن گئے ہیں۔
یہ سکے امریکہ کی 250ویں سالگرہ (Semiquincentennial) کی تقریبات کے سلسلے میں جاری کیے گئے ہیں۔ سکے پر صدر ٹرمپ کے پورٹریٹ کے ساتھ امریکی قومی نعرہ ’ہم خدا پر یقین رکھتے ہیں‘ (In God We Trust) بھی کندہ ہے۔
یو ایس منٹ نے 25 سکوں کے ایک رول کی قیمت 61 ڈالر جبکہ 100 سکوں کے تھیلے کی قیمت 154.50 ڈالر مقرر کی تھی۔ تاہم آن لائن سیل شروع ہوتے ہی چند گھنٹوں کے اندر تمام سکے فروخت ہو گئے اور ویب سائٹ پر ان کی دستیابی ختم ہونے کا نوٹس آ گیا۔
امریکی قانون کے تحت کسی بھی زندہ شخص کی تصویر قانونی طور پر عام کرنسی پر چھاپنے کی ممانعت ہے، جس کے پیشِ نظر ٹرمپ کے اتحادیوں نے کانگریس میں خاص قانون سازی کی تجویز پیش کی ہے۔ اس سے قبل امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے صدر ٹرمپ کی تصویر والے 250 ڈالر کے نوٹ جاری کرنے کے منصوبے کا اشارہ بھی دیا تھا۔
تاریخی طور پر اس سے پہلے 1926ء میں امریکہ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر اس وقت کے صدر کیلون کولیج (Calvin Coolidge) کی تصویر نصف ڈالر کے سکے پر شامل کی گئی تھی۔





