نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک شہر کے میئر زہران ممدانی (Mayor Zohran Kwame Mamdani) نے جینیفر جونز آسٹن (Jennifer Jones Austin) کو نیویارک سٹی سویلین کمپلینٹ ریویو بورڈ (CCRB) کا نیا چیئرپرسن مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ CCRB امریکہ میں پولیس کے رویے اور بدسلوکی کی تحقیقات کرنے والی سب سے بڑی آزاد شہری باڈی ہے۔
سال 2020ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اس اہم ترین واچ ڈاگ ادارے کو ایک مستقل چیئرپرسن ملی ہے۔ عبوری چیئرپرسن ‘شیرین کرافورڈ’ بورڈ کی رکن کے طور پر اپنی خدمات جاری رکھیں گی۔
میئر زہران ممدانی نے اس اہم تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جینیفر جونز آسٹن نے اپنی پوری زندگی ان نیویارکرز کے حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے گزاری ہے جنہیں اکثر اقتدار کے ایوانوں میں نظر انداز کیا جاتا ہے۔ وہ سمجھتی ہیں کہ عوامی تحفظ اور پولیس کا احتساب لازم و ملزوم ہیں، اور عوام کا اعتماد وعدوں سے نہیں بلکہ عمل سے حاصل ہوتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ دیانت داری اور انصاف کے ساتھ اس ادارے کی قیادت کریں گی۔“
نوی منتخب چیئرپرسن جینیفر جونز آسٹن نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہی عوامی تحفظ کی بنیاد ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم شفافیت اور ایمانداری کو فروغ دیں۔ میں نیویارک کے شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور پولسنگ میں شفافیت لانے کے لیے اپنا مکمل کردار ادا کروں گی۔“
اس تقرری کا نیویارک کی اہم سیاسی اور سماجی شخصیات کی جانب سے زبردست خیرمقدم کیا گیا ہے:
نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز (Letitia James): ”جینیفر شہریوں کے حقوق اور مساوات کے لیے ایک مضبوط آواز ہیں۔ اس اہم موڑ پر سی سی آر بی کی قیادت کے لیے ان سے بہتر کوئی شخص نہیں ہو سکتا۔“
معروف شہری حقوق کے رہنما ریورنڈ ایل شارپٹن (Rev. Al Sharpton): ”جینیفر ایک نڈر اور بااصول رہنما ہیں۔ وہ جانتی ہیں کہ نظام کے اندر رہ کر حقیقی اصلاحات کیسے لائی جاتی ہیں۔“
سٹی کونسل ممبر یوسف سلام (Yusef Salaam) اور چی اوسے (Chi Ossé): انہوں نے میئر ممدانی کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کا احتساب صرف اس صورت میں ممکن ہے جب CCRB جیسے ادارے کو بااختیار اور آزاد قیادت ملے۔
دی لیگل ایڈ سوسائٹی اور NYCLU: دونوں اہم قانون دان اور سول رائٹس تنظیموں نے جینیفر کی تقرری کو نیویارک میں انصاف کی فتح قرار دیا۔
جینیفر جونز آسٹن کون ہیں؟
جینیفر جونز آسٹن چار نسلوں پر محیط سماجی اور مذہبی رہنماؤں کے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ فیڈریشن آف پروٹسٹنٹ ویلفیئر ایجنسیز (FPWA) کی سی ای او اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر رہ چکی ہیں۔
وہ نیویارک سٹی میں سولیٹری کنفائنمنٹ (تنہائی کی قید) کے خاتمے کا قانون بنانے والے بورڈ آف کریکشن کی چیئر بھی رہ چکی ہیں۔
انہوں نے فورڈہم یونیورسٹی سے قانون (JD) کی ڈگری اور این وائی یو (NYU) سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔





