لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

فلشنگ کوئینزمیں گھرمیں ہولناک آتشزدگی، معمرخاتون جابحق،17فائرفائٹرزسمیت23افراد زخمی

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک: امریکی ریاست نیویارک کے علاقے کوئینز (Flushing, Queens) میں ایک گھر میں خوفناک آگ لگنے کے نتیجے میں 78 سالہ خاتون جاں بحق جبکہ 17 فائر فائٹرز سمیت کم از کم 23 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

نیویارک سٹی فائر ڈیپارٹمنٹ (FDNY) کے مطابق آگ کا واقعہ ہفتے کی صبح تقریباً 10 بجے کالج پوائنٹ بولیوارڈ اور 41st ایونیو کے قریب پیش آیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ملٹی الارم فائر کی شکل اختیار کر لی۔

آتشزدگی کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں 17 فائر فائٹرز، 2 ای ایم ایس (EMS) اہلکار اور 2 شہری شامل ہیں۔ حکام کے مطابق:

5 فائر فائٹرز کو درمیانی سے شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

تاہم، طبی حکام کا کہنا ہے کہ تمام زخمی اہلکاروں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور ان کے بچ جانے کی امید ہے۔

فائر آپریشنز کے چیف کیون ووڈس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا”شدید ترین حرارت، ہوس پائپ کی عدم موجودگی اور صفر بصارت (Zero Visibility) کے باوجود فائر فائٹرز نے تلاش کا کام جاری رکھا اور دوسری منزل سے ایک رہائشی کو محفوظ نکالنے میں کامیاب رہے۔”

حکام کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والی 78 سالہ معمر خاتون کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

آتشزدگی کے دوران کم از کم 4 رہائشیوں کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا جبکہ عمارت کو نقصان پہنچنے کے باعث کم از کم 12 افراد بے گھر ہو گئے ہیں جن کی امداد کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔