لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

فیفاورلڈکپ 2026: برطانیہ میں18ملین پاؤنڈکی جعلی جرسیوں کی بڑی کھیپ ضبط

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

لندن: فیفاورلڈکپ 2026 کے موقع پر برطانیہ میں جعلی فٹبال جرسیوں اور دیگر متعلقہ مصنوعات کے خلاف اب تک کی بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ برطانوی حکام نے ملک بھر میں چھاپوں کے دوران 18 ملین پاؤنڈ (تقریباً ساڑھے 6 ارب پاکستانی روپے) سے زائد مالیت کی جعلی مصنوعات برآمد کر کے قبضے میں لے لی ہیں۔

برطانوی حکام کے مطابق عالمی کپ کے دوران فٹبال جرسیوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر قانونی نیٹ ورکس نے مارکیٹ میں جعلی سامان کی فراہمی شروع کی۔ تاہم یہ مصنوعات نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ صحت اور حفاظتی معیار کے لحاظ سے انتہائی خطرناک بھی ثابت ہو سکتی ہیں۔

پولیس انٹیلیکچوئل پراپرٹی آفس کی جانب سے چلائے جانے والے ’آپریشن بلاکس وچ‘ (Operation Blocks Witch) کے تحت ملک گیر سطح پر چھاپے مارے گئے، جن کے دوران 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد جعلی فٹبال مصنوعات ضبط کی گئیں۔

اس سلسلے میں برمنگھم کے ایک بڑے گودام پر مارے گئے چھاپے میں 1,618 جعلی جرسیاں برآمد ہوئیں، جن میں دنیا کے مشہور فٹبالرز کائلیان ایمباپے اور ایرلنگ ہالینڈ کے ناموں کی نقل شدہ شرٹس بھی شامل تھیں۔

حکام اور ماہرین نے صارفین کو تنبیہ کی ہے کہ سستے داموں ملنے والی یہ جرسیاں شدید جانی و طبی نقصانات کا باعث بن سکتی ہیں:

جلد کی بیماریاں: ان جرسیوں کو تیار کرنے میں استعمال ہونے والے کیمیکلز، رنگ اور ناپائیدار مواد خصوصاً بچوں کی حساس جلد کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

چیشائر فائر اینڈ ریسکیو سروس کے تجربات سے یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے کہ جعلی جرسیاں اصلی کٹس کے مقابلے میں کہیں زیادہ جلد آگ پکڑتی ہیں اور جلنے کی صورت میں کپڑا فوری پگھل کر جسم سے چپک جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کم قیمت کی لالچ میں خریدی جانے والی یہ مصنوعات دراصل بین الاقوامی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی مالی معاونت کا ذریعہ بنتی ہیں۔ چونکہ یہ سامان صحت اور حفاظت کے مقررہ معیارات پر پورا نہیں اترتا، اس لیے صارفین صرف تصدیق شدہ اور اصل مصنوعات ہی خریدیں۔