بغداد / واشنگٹن: امریکا نے ایران سے عراق کے مقدس شہر نجف اشرف آنے اور جانے والے زائرین اور مسافروں کی سہولت کے لیے عراقی ایئرلائنز کو پابندیوں سے ایک ماہ کا عارضی اور مشروط استثنیٰ (Waiver) دے دیا ہے۔ عراقی حکومت کے باخبر عہدیداروں اور نجف ایئرپورٹ کے ذرائع نے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اجازت کے بعد عراقی فضائی کمپنیاں ایران اور نجف کے درمیان پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر سکیں گی، تاہم حتمی شیڈول کا باضابطہ اعلان تکنیکی مراحل مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
امریکی محکمہ خزانہ کی شرائط: امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے ایک ماہ کے لیے دیا گیا یہ استثنیٰ سخت سیکیورٹی اور جانچ پڑتال سے مشروط ہے.
عراق نے امریکی حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مسافروں کی مکمل اسکریننگ اور معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا تاکہ ہتھیاروں، پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد یا غیر قانونی رقوم کی منتقلی کو روکا جا سکے۔
پروازوں کا متوقع آغاز: عراق کی وزارتِ نقل و حمل کے حکام کا کہنا ہے کہ انتظامی اور سیکیورٹی تقاضے پورے ہونے کے بعد اکتوبر کے مہینے میں نجف سے ایران کے لیے پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔
25 ستمبر کو امریکی پابندیوں کے نفاذ کے بعد عراق اور ایران کے درمیان فضائی آپریشن یکدم معطل ہو گیا تھا، جس سے مذہبی زائرین کے علاوہ علاج کے لیے ایران جانے والے عراقی مریض اور وہاں زیرِ تعلیم ہزاروں عراقی طلبہ شدید مشکلات کا شکار ہو گئے تھے۔
عراقی حکومت نے انسانی ہمدردی، مذہبی زیارتوں اور تعلیمی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے واشنگٹن سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی، جس پر یہ عارضی حل سامنے آیا ہے۔ اس استثنیٰ میں آئندہ توسیع کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔





