آسٹن، ٹیکساس (ویب ڈیسک): ٹیکنالوجی اور گاڑیوں کی دنیا میں تہلکہ مچاتے ہوئے ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا (Tesla) نے جمعہ کے روز اپنی نئی اور حیرت انگیز ایجاد دنیا کے سامنے پیش کر دی ہے جسے ‘اڑنے والی کار’ (Flying Car) کہا جا رہا ہے۔ اگرچہ یہ کوئی روایتی اڑنے والی کار نہیں ہے، بلکہ اسے زیادہ بہتر طور پر ایک ‘جمپنگ کار’ (Jumping Car) قرار دیا جا سکتا ہے۔
اس ترمیم شدہ ٹیسلا روڈسٹر (Tesla Roadster) میں الٹرا ہائی پریشر ہوا (Ultra high-pressure air) کے تھرسٹراز لگائے گئے ہیں جو گاڑی کو فضا میں بلند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایک لائیو مظاہرے کے دوران اس کار کو ریمپ سے اڑتے ہوئے ایک شاندار فِلپ (Flip) کرتے اور پھر بحفاظت زمین پر اترتے ہوئے دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس ایجاد پر فوری طور پر دلچسپ تبصرے شروع کر دیے۔ ایک صارف نے تجویز دی کہ اس کار کا پہلا ماڈل مشہور بھارتی ہدایتکار روہت شیٹی کو ملنا چاہیے تاکہ وہ سائنسی طریقے سے اپنی فلموں میں کاریں اڑانے کے شوق کو پورا کر سکیں۔ ایک اور صارف نے طنز کیا کہ ایلون مسک نے کوئی انہونی نہیں کی، بالی ووڈ تو سالوں سے زمین سے کاریں ہوا میں اڑا رہا ہے۔
سنجیدہ حلقوں کی جانب سے یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ ایسی گاڑی کا بیمہ (Insurance) کون کروائے گا جس کے بارے میں خود ایلون مسک کا کہنا ہے کہ “کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں ہے لیکن یہ غالباً کام کرے گی”۔ اس کے علاوہ ٹریفک کے نظام پر اس کے اثرات اور پیدل چلنے والوں کی حفاظت کو لے کر بھی خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
بہت سے لوگ اپنے بچپن کے ویڈیو گیمز کو حقیقت میں بدلتا دیکھ کر بے حد خوش نظر آئے۔





