ویٹیکن سٹی (ویب ڈیسک): پوپ لیو چہاردہم (Pope Leo XIV) کو پھیپھڑوں کے کینسر (Adenocarcinoma) کی کامیاب سرجری کے چار روز بعد ہفتے کے روز ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ویٹیکن سٹی کے مطابق 71 سالہ پاپائے روم اب بالکل روبصحت ہیں اور وہ اتوار کے روز سینٹ پیٹرز اسکوائر (St. Peter’s Square) کی کھڑکی سے اپنے عقیدت مندوں کے سامنے پیش ہو کر روایتی ظہرانہ خطبہ اور دعا دیں گے۔
پوپ کے ذاتی معالج اور سرجنز نے ہفتے کی صبح خون کے ٹیسٹس اور چیسٹ ایکس رے کا جائزہ لینے کے بعد انہیں ہسپتال سے رخصت کرنے کی باضابطہ اجازت دی۔ پوپ کے دائیں پھیپھڑے کے نچلے حصے میں موجود کینسر زدہ رسولی (Nodule) کو جراحی کے ذریعے کامیابی کے ساتھ نکال دیا گیا تھا۔
سرجری کے بعد سے پوپ کی صحت میں تیزی سے بہتری دیکھی گئی۔ انہوں نے ہسپتال میں قیام کے دوران ہی روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ٹیلی فونک گفتگو کی، اپنے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی اور ہسپتال کی عبادگاہ میں خود دعائیہ سروس کی قیادت کی۔
ویٹیکن نے پوپ کی ہسپتال سے تصاویر جاری کی ہیں جس میں انہیں میڈیکل اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ابتدائی طور پر ان کے ہسپتال میں ایک ہفتے کے قیام کی توقع ظاہر کی گئی تھی، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی تیز رفتار صحت یابی کو دیکھتے ہوئے جلد رخصت کا فیصلہ کیا۔
کینسر سرجری کے بعد اب تمام تر نظریں پوپ کے 6 سے 17 نومبر تک ہونے والے لاطینی امریکہ کے طویل اور اہم دورے پر جمی ہوئی ہیں۔ اس دورے میں 12 پروازیں اور 2 ہیلی کاپٹر کے سفر شامل ہیں۔ ویٹیکن حکام اور اینکولوجی سرجنز کے مطابق اگر صحت یابی اسی طرح جاری رہی تو وہ اس سفر کے لیے مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔





