ممبئی: بالی ووڈ کے ‘سنجو بابا’ ایک بار پھر اپنے سب سے مشہور اور یادگار کردار ‘بلّو’ کے روپ میں بڑے پردے پر دھماکے دار انٹری کے لیے تیار ہیں۔ 1993 کی سپر ہٹ فلم ’کھلنایک‘ کے 33 سال مکمل ہونے پر سنجے دت نے باضابطہ طور پر اس کے سیکویل کا اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ایک مختصر ٹیزر میں سنجے دت کا لک پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور عمر رسیدہ دکھایا گیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار کہانی میں کردار کی شدت مزید گہری ہوگی۔
ممبئی میں ایک تقریب کے دوران سنجے دت نے بتایا کہ اس فلم کا آئیڈیا انہیں جیل میں قیام کے دوران آیا، جہاں انہوں نے ہزاروں قیدیوں کی رائے لی اور ان کے مشوروں کی روشنی میں اس نئے پروجیکٹ کی بنیاد رکھی۔
سنجے دت کے مطابق یہ روایتی سیکویل نہیں بلکہ ایک نئی اور منفرد کہانی ہوگی۔
اصل فلم کے ہدایت کار سبھاش گھئی نے اس منصوبے کی مکمل حمایت کی ہے اور وہ اس کا حصہ ہوں گے۔
سنجے دت نے انکشاف کیا کہ انہوں نے جیل میں موجود 4000 قیدیوں سے تحریری رائے لی، جنہوں نے اس کردار کو دوبارہ دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔
1990 کی دہائی میں ’کھلنایک‘ نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کی تھی، جس میں سنجے دت کے ساتھ مادھوری ڈکشت اور جیکی شروف نے بھی لازوال اداکاری کی تھی۔





