اسلام آباد/بیجنگ: چینی حکومت کی خصوصی دعوت پر صدر مملکت آصف علی زرداری آج سے یکم مئی تک چین کے اہم سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور ہمہ جہت تزویراتی تعاون کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
صدر مملکت اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں 25 سے 27 اپریل تک صوبہ ہونان کے شہر چانگشا میں قیام کریں گے، جس کے بعد وہ 28 اپریل سے یکم مئی تک صوبہ ہینان کے شہر سانیا کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ صوبائی قیادت اور اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں کا بنیادی مرکز پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کے منصوبوں کی رفتار تیز کرنا اور دوطرفہ تجارت و اقتصادی تعاون کو وسعت دینا ہے۔
یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے، جو دونوں ممالک کے گہرے اعتماد کی علامت ہے۔
یہ دورہ دونوں دوست ممالک کے درمیان مسلسل جاری اعلیٰ سطحی رابطوں کا تسلسل ہے، جس کا مقصد علاقائی استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ وژن کو فروغ دینا ہے۔
