اسلام آباد / نیویارک: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ نیویارک روانہ ہو گئے ہیں۔
نیویارک میں قیام کے دوران نائب وزیراعظم کا شیڈول انتہائی مصروف رہے گا جہاں وہ ہائی لیول ویک کے موقع پر متعدد اہم عالمی اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور علاقائی و بین الاقوامی چیلنجز پر پاکستان کے موقف کو اجاگر کریں گے۔
اسحاق ڈار جموں و کشمیر کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے کانٹیکٹ گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔
فلسطینیوں کی حمایت میں پاکستان کی پالیسی کو اجاگر کرتے ہوئے وہ عرب اسلامی ممالک کے گروپ کے اجلاس اور ‘گلوبل الائنس فار دی امپلی منٹیشن آف دی ٹو اسٹیٹ سلوشن’ کے ہائی لیول وزارتی اجلاس سمیت دیگر اہم کانفرنسوں میں حصہ لیں گے۔
نائب وزیراعظم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (UNSC) کی جانب سے ‘مصنوعی ذہانت’ (Artificial Intelligence) پر منعقدہ ہائی لیول بریفنگ سے خطاب کریں گے۔
وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کی کونسل آف منسٹرز کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور پینڈیمک (وبائی امراض) کی روک تھام و تیاری سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کا بھی حصہ بنیں گے۔
دورے کے دوران وہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے اور وزیراعظم پاکستان کی اہم بین الاقوامی ملاقاتوں اور مصروفیت کے موقع پر ان کے ہمراہ ہوں گے۔





