نیویارک: نیویارک شہر کے میئر زوہران ممدانی (Zohran Mamdani) پیر کے روز میئر کی سرکاری رہائش گاہ ‘گراسی مینشن’ (Gracie Mansion) میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی کریں گے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان نیویارک شہر اور اس کے شہریوں کو درپیش اہم مسائل پر تفصیل سے بات چیت کی جائے گی۔
میئر پریس آفس کی جانب سے ملاقات کی تصدیق کر دی گئی ہے، تاہم ملاقات کے حتمی وقت کا اعلان سٹی ہال کی طرف سے بعد میں کیا جائے گا۔ یہ ملاقات وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں دونوں رہنماؤں کی پہلی بالمشافہ ملاقات کے چند ماہ بعد ہو رہی ہے، جہاں انتخابی مہم کے دوران ہونے والی عوامی نوک جھونک کے باوجود دونوں رہنماؤں کا لہجہ ایک دوسرے کے لیے کافی خوشگوار تھا۔
وائٹ ہاؤس میں ہونے والی پچھلی ملاقات میں میئر ممدانی نے گفتگو کو “مثبت اور نتیجہ خیز” قرار دیا تھا، جس کا بنیادی محور بڑھتی ہوئی مہنگائی، مکانات کے کرائے، گروسری کی قیمتیں، یوٹیلیٹی بلز اور پبلک سیفٹی جیسے عوامی مسائل تھے۔
صدر ٹرمپ نے اس وقت نو منتخب میئر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک “عقل مند اور بااصول” شخص قرار دیا تھا اور نیویارک کی قیادت کے لیے امید کا اظہار کیا تھا۔
گراسی مینشن کی یہ نئی ملاقات سٹی ہال اور وائٹ ہاؤس کے درمیان مسلسل رابطہ کاری اور ملکی معیشت و امن و امان کے حوالے سے نیویارک کے کردار کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔
سٹی ہال کے مطابق ملاقات کے وقت اور حتمی ایجنڈے کے بارے میں مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔





