لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

شنگھائی تعاون تنظیم کی کمان پاکستان کوسونپ دی گئی

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

بشکیک: پاکستان نے سال 2026-27ء کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہان مملکت کونسل کی صدارت باقاعدہ طور پر سنبھال لی ہے۔

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقدہ ایس سی او کے سربراہی اجلاس کے دوران مشترکہ اعلامیے پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کیے۔

اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایس سی او کے سیکریٹری جنرل سمیت متعدد عالمی رہنماؤں اور وزرائے خارجہ سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔

ایس سی او کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان کی صدارت کے دوران کی ترجیحات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا، جس پر سیکریٹری جنرل نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ انتونیو گوتریس نے کثیرالجہتی سفارت کاری اور علاقائی امن میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ اسحاق ڈار نے انہیں دورۂ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 2026ء کے اجلاس اور اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل کے انتخاب پر گفتگو کی گئی۔

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ گفتگو میں خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیا گیا۔

ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم کے ڈائریکٹر ابراہیم قالن سے ملاقات میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور اسٹریٹجک کمیٹی کے پہلے اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

اسحاق ڈار نے بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریزنکوف، ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف اور آرمینیا کے وزیر خارجہ ارارات مرزویان سے بھی سفارتی و دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اہم گفتگو کی۔