نیویارک: نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کے ہیڈ کوارٹرز میں “پاکستانی امریکن لا انفورسمنٹ سوسائٹی” کے زیرِ اہتمام ‘پاکستان ہیریٹیج اینڈ ریزولوشن ڈے’ کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

اس تقریب میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں این وائی پی ڈی کے ڈپٹی پولیس کمشنر، پولیس افسران، ایگزیکٹوز، اور بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکی پولیس اہلکاروں نے اپنے خاندانوں کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستانی ثقافت اور عوامی خدمت کے جذبے کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے نیویارک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پاکستانی نژاد افسران کی خدمات کو سراہا۔اس موقع پر انہوں نے افسران کی پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کے لیے ان کی لگن کی تعریف کی۔

پاکستان میں انسانی ہمدردی کے کاموں میں ان کے تعاون کو سراہا، جو اپنے وطن سے ان کی گہری محبت کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے ان افسران کو پاکستان کا اصل نمائندہ قرار دیا جو اتحاد اور استقامت جیسی اقدار کے علمبردار ہیں۔

قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے بھی پاکستانی نژاد افسران کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہلکار نیویارک میں کمیونٹی تعلقات کو مضبوط بنانے اور قانون کی بالادستی قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امریکہ اور پاکستان دونوں جگہوں پر ان کی فلاحی سرگرمیوں کو اعترافِ خدمت قرار دیا۔

یہ تقریب نہ صرف پاکستانی نژاد امریکیوں کی کامیابیوں کا جشن تھی بلکہ اس نے مختلف کمیونٹیز کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرنے والے ان افسران کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔



