نیویارک: نیویارک کے رینٹ گائیڈ لائنز بورڈ (RGB) نے جمعرات کی شب ایک ہنگامہ خیز اجلاس کے بعد رینٹ اسٹیبلائزڈ اپارٹمنٹس کے کرایوں میں ممکنہ اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس نے میئر زہران ممدانی کے ‘کرایہ منجمد’ کرنے کے انتخابی وعدے کو امتحان میں ڈال دیا ہے۔
اجلاس کے دوران بورڈ نے ایک سالہ لیز پر 0 سے 2 فیصد اور دو سالہ لیز پر 0 سے 4 فیصد تک اضافے کی تجویز پر اتفاق کیا۔ کوئنز کے لاگوآرڈیا پرفارمنگ آرٹس سینٹر میں ہونے والے اس اجلاس کے باہر اور اندر کرائے داروں نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی، جس کی وجہ سے ماحول کافی کشیدہ رہا۔
نیویارک سٹی میں اوسط کرایہ اس وقت 3,000 ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔ کرائے داروں کا موقف ہے کہ وہ پہلے ہی کمر توڑ مہنگائی، راشن اور ادویات کے بلوں کے درمیان پس رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب مکان مالکان کا کہنا ہے کہ عمارتوں کی دیکھ بھال کے اخراجات بڑھ رہے ہیں اور کرایہ نہ بڑھانا عمارتوں کو تباہ کرنے کے مترادف ہوگا۔
واضح رہے کہ میئر زہران ممدانی نے اپنی مہم کے دوران کرایوں میں کمی کا وعدہ کیا تھا۔ اگرچہ وہ براہ راست فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں رکھتے، تاہم انہوں نے فروری میں 9 رکنی بورڈ میں 6 نئے اراکین تعینات کیے تھے۔ اب حتمی ووٹنگ 25 جون کو ہوگی، جس سے 20 لاکھ سے زائد نیویارکرز براہ راست متاثر ہوں گے۔ اگلا عوامی اجلاس 21 مئی کو طلب کیا گیا ہے





