نیو جرسی(ویب ڈیسک): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے میچز کے دوران نیو جرسی کے حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گھر سے کام کرنے کی ترغیب دی ہے۔ ورلڈ کپ کے دوران نیو جرسی مجموعی طور پر 8 میچز کی میزبانی کرے گا، جس میں 19 جولائی کو ہونے والا فائنل بھی شامل ہے۔
حکام نے خاص طور پر 22 جون اور 30 جون کی تاریخوں کی نشاندہی کی ہے، جب میچز کے اوقات دفتری اوقات سے ٹکرائیں گے۔ این جے ٹرانزٹ (NJ Transit) کے مطابق، ان دنوں ٹرینوں اور اہم شاہراہوں پر مسافروں کا غیر معمولی رش ہوگا۔ حکام نے آجروں (Employers) سے درخواست کی ہے کہ وہ ان ایام میں اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے یا لچکدار اوقاتِ کار (Flexible Scheduling) کی سہولت فراہم کریں۔
این جے ٹرانزٹ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ میچ والے دن پین اسٹیشن (Penn Station) صرف ان مسافروں کے لیے کھلے گا جن کے پاس میچ کا ٹکٹ ہوگا۔ اسٹیشن میچ شروع ہونے سے چار گھنٹے پہلے اور ختم ہونے کے تین گھنٹے بعد تک عام عوام کے لیے بند رہے گا۔
