نیویارک: نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی نے شہر کی تاریخ کے پہلے مفت ‘2-K چائلڈ کیئر’ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔
اس اہم منصوبے کی تشہیر کے لیے میئر ممدانی کے ساتھ مشہور ریپر کارڈی بی (Cardi B) بھی میدان میں آگئیں، جنہوں نے اسے نیویارک کے والدین، خصوصاً خواتین کے لیے ایک بڑی جیت قرار دیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت 2 سالہ بچوں کو مفت چائلڈ کیئر فراہم کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں درخواستوں کا عمل 2 جون سے شروع ہو کر 26 جون تک جاری رہے گا۔
ابتدائی طور پر مخصوص اضلاع (Districts 6, 10, 18, 23 اور 27) کے خاندان درخواست دینے کے اہل ہوں گے، جبکہ اگست میں کامیاب امیدواروں کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
میئر ممدانی کے “سب کے لیے چائلڈ کیئر” (Childcare for All) ایجنڈے کے تحت شروع ہونے والے اس پروگرام کے پہلے سال 2,000 بچوں کو داخلہ ملے گا، جبکہ دوسرے سال یہ تعداد بڑھا کر 12,000 کر دی جائے گی۔ گورنر کیتھی ہوچل نے تصدیق کی ہے کہ ریاست پہلے دو سالوں کے اخراجات برداشت کرے گی۔
اس موقع پر کارڈی بی کا کہنا تھا کہ “چائلڈ کیئر بہت ضروری ہے، اکثر خواتین اپنے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے مدد نہ ہونے کی وجہ سے زندگی میں آگے نہیں بڑھ پاتیں۔” چانسلر قمر سیموئلز نے بھی اسے نیویارک کے تعلیمی نظام کی مضبوطی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔





