نیویارک:نیویارک شہر کے میئر زوہران کوامے ممدانی (Zohran Kwame Mamdani) نے تارکینِ وطن کے لیے کام کرنے والے معروف ادارے ‘ڈاکیومنٹڈ’ (Documented) کے شریک بانی اور صحافی مازن سید احمد (Mazin Sidahmed) کو ‘میئرز آفس آف ایتھنک اینڈ کمیونٹی میڈیا’ (MOECM) کا نیا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔
مازن سید احمد نیویارک کے تمام پانچوں اضلاع (Boroughs) کی مختلف زبانوں اور کمیونٹی میڈیا آؤٹ لیٹس میں سٹی ایجنسیوں کے اشتہارات، مارکیٹنگ اور آگاہی مہمات کی قیادت کریں گے، تاکہ ہر شہری کو اس کی زبان میں بلدیاتی خدمات کی معلومات مل سکیں۔
2021 کے لوکل لاء 83 کے تحت قائم ہونے والا یہ دفتر امریکہ میں اپنی نوعیت کا پہلا میئر کا دفتر ہے۔ اس قانون کے تحت تمام نیویارک سٹی ایجنسیوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے کل اشتہاری بجٹ (Advertising Spending) کا کم از کم 50 فیصد حصہ مقامی، کمیونٹی اور زبان پر مبنی قومی میڈیا کو فراہم کریں۔
میئر ممدانی نے کہا کہ “سٹی سروسز اسی وقت کارآمد ہوتی ہیں جب وہ ان لوگوں تک پہنچیں جنہیں ان کی ضرورت ہے۔ مازن سید احمد نے اپنا پورا کیریئر تارکینِ وطن تک ان کی اپنی زبانوں میں بااعتماد معلومات پہنچانے کے لیے وقف کیا ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ بات کہاں اور کیسے پہنچانی ہے۔”
انہوں نے اس تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “میں نے ‘ڈاکیومنٹڈ’ کی بنیاد تارکینِ وطن اور حکومتی سہولیات کے درمیان رابطہ قائم کرنے کے لیے رکھی تھی۔ اب میں اس کام کو پورے نیویارک کی سطح پر وسعت دینے کے لیے پرعزم ہوں۔”
مازن سید احمد ایک معروف صحافی اور میڈیا انٹرپرینیور ہیں۔ وہ انگریزی، ہسپانوی، چینی اور کریول زبانوں میں خبریں فراہم کرنے والے نان پرافٹ ادارے ‘ڈاکیومنٹڈ’ کے شریک بانی ہیں۔ وہ اس سے قبل ‘دی گارڈین’ (The Guardian) اور لبنان کے مشہور اخبار ‘دی ڈیلی اسٹار’ میں بھی بطور رپورٹر خدمات انجام دے چکے ہیں۔




